نادرا کا اسلحہ لائسنس کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف، شہریوں کو بڑی سہولت

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وزارت داخلہ کی ہدایات پر شہریوں کی سہولت کے لیے وفاقی اسلحہ لائسنس کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد نظام کو آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
ماضی میں تمام اسلحہ لائسنس ہر سال 31 دسمبر کو ختم ہو جاتے تھے، جس کے باعث متعدد مسائل پیدا ہوتے تھے۔ سال کے اختتام پر بڑی تعداد میں تجدید کی درخواستیں جمع ہونے سے نظام پر دباؤ بڑھ جاتا تھا۔
اس کے علاوہ وہ شہری جو سال کے آخر میں لائسنس حاصل کرتے تھے، اپنی مکمل پانچ سالہ مدت سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے تھے کیونکہ لائسنس مقررہ تاریخ پر خودکار طور پر ختم ہو جاتا تھا۔
ان مسائل کے حل کے لیے نادرا نے اسلحہ لائسنس کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا ہے، جس سے حصول اور تجدید کا عمل مزید آسان اور تیز ہو گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت اب لائسنس کی میعاد کیلنڈر سال کے بجائے تاریخِ اجرا سے شمار کی جائے گی، یعنی لائسنس جاری ہونے یا تجدید کی تاریخ سے آئندہ پانچ سال تک مؤثر رہے گا۔
اس نئی پالیسی کے ذریعے شہری اپنے لائسنس کی مکمل مدت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے اور سال کے آخر میں رش یا مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، ڈیٹا کے نظام کو بہتر بنانا اور عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔











